اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان پاک فضائیہ نے کہا ہے کہ پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل میں تواتر کے ساتھ خدمات فراہم کر رہی ہے . ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سیلابی پانی نے بلوچستان، سندھ، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں تباہی مچا دی ہے جس کے نتیجے میں اب تک متعدد قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، سیلاب متاثرین کو فوری خوراک، طبی امداد اور خشک راشن کی اشد ضرورت ہے .
پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ریسکیو اور ریلیف کے عمل میں زیادہ سے زیادہ حصہ لے رہی ہے، ہمارے ہیلی کاپٹرز لوگوں کے محفوظ انخلاء کے ساتھ ساتھ خوراک اور طبی سامان کی نقل و حمل میں بھی سرگرم عمل ہیں .
ترجمان پاک فضائیہ مسلسل خوراک اور طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فلڈ ریلیف کیمپ اور سیف ٹینٹ سیٹیز قائم کی گئی ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 26125 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ اور 1000 پانی کی بوتلیں تقسیم کیں، پاک فضائیہ نے 2475 خشک راشن کے پیکٹ ضرورتمند خاندانوں میں تقسیم کیے اور 1437 خیمے لگائے جو 11720 افراد کو مسلسل امداد فراہم کر رہے ہیں
جاری کردہ پیغام میں ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ مفت خوراک اور رہائش کے علاوہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں 2810 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا ہے . واضح رہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں کے سبب پاکستان کے چاروں صوبوں کے متعدد شہروں میں سیلاب آیا جس کے باعث کافی شہر پانی میں ڈوب چکے ہیں . مسلح افواج، حکومت اور انتظامیہ کے علاوہ عام شہری بھی سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں تاکہ ملک کو اس بڑے امتحان سے فوری طور پر نکالا جائے .