خوش ذائقہ انار امراضِ قلب اور ذیابیطس سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے
لندن(قدرت روزنامہ) آئے دن انار کے نئے فوائد سامنے آتے رہتے ہیں، اب ماہرین نے پرزورانداز میں کہا ہے کہ یہ ایک سپرفوڈ ہے جو ذیابیطس کو روکتا ہے اور دل کی حفاظت کرتا ہے۔اس کے علاوہ بھی انارعلاج بالغذا کی ایک بہترین مثال ہے اور کئی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اس ضمن میں غذائیت کی بین الاقوامی ماہرکہتی ہیں کہ فلے وینوئڈز، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگرغذائی اجزا سے بھرپور انار آپ کے جسم کو اندرونی طور پر ایک نئی تازگی بخشتا ہے۔
وٹامن اے ، سی اور دیگر قیمتی اینٹی آکسیڈنٹس کی وجہ سے انار دل و دماغ کا بھی دست ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ اس کا رس پینے سےبہتر ہے کہ چبا کر کھایا جائے تاکہ فائبر اور دیگر اجزا بھی آپ کے جسم میں پہنچ سکیں۔
انار کے دانوں کی سفید سے سرخ ہوتی رنگت اس میں اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار بتاتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ یہ ان بہترین اجزا سے لبالب بھرا ہوتا ہے۔ بعض اناروں میں سبزچائے سے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس ہوتے ہیں جو ایل ڈی ایل یا مضر کولیسٹرول کم کرتا ہے۔
پولی فینول عمررسیدگی کو خلوی سطح تک روکتے ہیں اور خون کی روانی کو برقرار رکھتے ہیں۔ اس میں فائبر، فولیٹ، پوٹاشیئم اور وٹامن کے بھی خوب پایا جاتا ہے۔ یہ دل کی رگوں میں مضر چکنائی جمع ہونے سے قبل ہی انہیں روکتا ہے۔ اس کے علاوہ رگوں کی بندش اور توند کو بھی کم کرتا ہے۔
پھر 2017 میں آٹھ ایسی تحقیقات سامنے آئیں جن میں کہا گیا تھا کہ انار کا رس بلڈ پریشر کو معمول پر رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ انسولین کی صورتحال بھی بہتر کرتا ہے۔ کئی تحقیقات سے ثابت ہوا ہے ذیابیطس کے مریضوں کو اس سے بہت فائدہ ہوسکتا ہے۔ اس میں اندرونی سوزش(انفلیمیشن) کم کرنے والے اہم اجزا بھی موجود ہوتے ہیں۔دوسری جانب کئی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بالخصوص چھاتی اور بڑی آنت کے سرطان کو روکنے میں بھی انار کے اجزا اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔