عمران خان جیل گیا تو لگ پتا جائے گا، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان جیل گیا تو اسے لگ پتا جائے گا، عمران خان کو جولائی اور اگست میں ہی جیل بھیج دینا چاہیے تھا۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے لاپتا افراد کیس کے معاملے میں کہا کہ جہاں تک اس کیس کا معاملہ ہے اس سے زیادہ دکھی انسانیت کی خدمت کہیں نہیں ہوسکتی، آپ لوگوں کے عزیزوں اور پیاروں کو غائب کرکے لاپتا کردیں اس سے بڑا ظلم اور کیا ہوگا، چیف جسٹس نے جس طرح اس معاملے پر زور دیا ہے اس سے لوگوں کو پہلے بھی ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچھ حقیقتیں ایسی ہیں جو اوپن کورٹ میں بیان نہیں ہوسکتیں، مسئلے کے حل کے لیے مدد اس صورت ہوسکتی ہے اگر چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ ان کیمرا سماعت کریں۔
صحافی نے سوال کیا کہ عمران خان کہتے ہیں جیل جا کر اور خطرناک ہو جاؤں گا، جس پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ صرف کرنے والی باتیں ہیں جب جیل گیا لگ سمجھ جائے گی، ویسے جیل جانے کا موسم گزر رہا ہے عمران خان کو جولائی اگست میں ہی جیل بھیج دینا چاہیے تھا۔