ہم الیکشن کمیشن کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے جواز کو تسلیم نہیں کرتے۔پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، وقت آئے گا اور بہت سی چیزیں بے نقاب ہوں گی۔
‘پولنگ اسٹیشن آگے پیچھے کرلیں لوگ ووٹ بلے کو ہی دینگے’
انہوں نے کہا کہ این اے 157 کے ضمنی انتخاب میں 2 روز باقی تھے کہ اسے ملتوی کر دیا گیا، الیکشن کمیشن نے سیلاب کو جواز بنا کر الیکشن ملتوی کیا جبکہ یہاں کوئی سیلاب نہیں، پیپلز پارٹی کی پوزیشن پر پردہ ڈالنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جتنے بھی پولنگ اسٹیشن کی ملتان میں نشاندہی کی گئی تھی سب قائم ہیں کہیں پانی نہیں کھڑا، الیکشن میٹیریل تیار ہو کر تقسیم ہونا شروع ہو چکا تھا، الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری پر ہمیں تحفظات تھے اور اب بھی ہیں۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر لوگ بلے پر مہر لگانا چاہتے ہیں تو پولنگ اسٹیشن آگے پیچھے بھی کر لیں لوگ ووٹ ڈالنے آئیں گے، الیکشن ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن نے جواز دیا تھا میں اس جواز کو تسلیم نہیں کرتا۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انتخاب ملتوی کرنے کا ایک ہی لاجک ہے وہ ہے سیاسی لاجک، چشتیاں اور شیخوپورہ میں بھی کہیں سیلاب دکھائی نہیں دیتا وہاں بھی الیکشن ملتوی کردیا گیا۔
‘امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے’
انکا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، یہ الیکشن موسیٰ گیلانی کے لیے واک ان دا پارک نہیں تھا، بلاول حکومت کا حصہ ہیں مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، بلاول اپنے وزیر اعظم اور کابینہ سے پوچھیں کہ یہ سب کیوں ہوا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بلاول بھٹو بذریعہ گاڑی اندرون سندھ جائیں اور لوگوں سے ان کے مسائل پوچھیں، جن کی کانپیں ٹانگتی ہیں وہ باہر نکلیں بغیر اسکواڈ کے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کچھ نا کچھ پک رہا ہے، ہم عدلیہ کا بے حد احترام کرتے ہیں، عدلیہ نے اپنی معاونت کے لیے دو سینئرز وکلاء کو بلایا دونوں کے دلائل کا نچوڑ تھا کہ عمران خان کا کیس ختم ہونا چاہیے۔