عراقی ٹک ٹاکر نے خود کشی کرلی
اربیل(قدرت روزنامہ)عراق کی مشہور ٹک ٹاکر نے کثیر منزلہ عمارت سے کود کر جان دے دی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عراق میں کردستان کے شہر اربیل میں مروہ القیسی اپنی بہن کے ہمراہ اربیل کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں رہائش پذیر تھیں۔عمارت کے مکینوں کے مطابق ان کا کسی کے ساتھ جھگڑا نہیں تھا۔اربیل پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ مروہ موقع پر ہلاک ہوگئیں، اس سے قبل بھی وہ کئی بار خودکشی کی کوشش کرچکی تھیں۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آئیں جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ٹک ٹاک اسٹار کے رشتہ داروں نے بتایا کہ مروہ کئی روز سے ذہنی اضطراب کا شکار تھیں۔اس کی بہن ملک القیسی کی وڈیو بھی وائرل ہے جس میں اسےصدمے کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے اپنی بہن کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے صارفین سے کہا کہ صدمے میں ہوں، مجھے میرے حال پر چھوڑ دیا جائے۔ مروہ کے بارے میں کوئی سوال نہ کیا جائے۔واضح رہے کہ مروہ القیسی 1989ء میں پیدا ہوئیں، 33 سالہ ٹک ٹاکر نے عراق کے آرٹ کالج سے گریجویشن کیا تھا۔مروہ کے سوشل میڈیا پر فالوورز کی تعداد 40 لاکھ سے زیادہ تھی، انہوں نے کئی ڈراموں میں بھی کام کیا تھا۔