قیمتوں اور نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں، سپریم کورٹ کاچینی کی قیمت سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) سپریم کورٹ نے چینی کی قیمت مقرر کرنے سے متعلق حکومتی اپیل کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔چارصفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس عمر عطا بندیال کی جانب سے تحریر کیاگیا۔نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے حکومت کی مقررہ قیمت کیخلاف یکطرفہ حکم امتناع جاری کیا جبکہ قیمتوں اور نفع نقصان کا تعین کرنا عدلیہ کی ذمہ داری نہیں اورہائیکورٹس کی قیمتوں کے معاملے میں مداخلت غیر متعلقہ حدود میں داخلے کے مترادف ہے۔فیصلے کے مطابق متعلقہ کین کمشنر چینی کے سٹاک اور فروخت کا ریکارڈ مرتب رکھیں،شوگر ملز کی طرف سے صرف مچلکے جمع کرانا کافی نہیں بلکہ حکومت اور شوگر ملز مالکان کی مقرر کردہ ریٹ میں فرق پر مبنی رقم بھی ہائیکورٹ میں جمع ہوگی۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ شوگر ملز کو مقرر کردہ ایکس مل ریٹ پر چینی فروخت کی مشروط اجازت دی جاتی ہے اورلاہور ہائیکورٹ کو معاملہ واپس بھیجتے ہوئے کیس نمٹایا جاتا ہے ۔لاہور ہائیکورٹ زیر التوا درخواستوں پر 15 روز میں فیصلہ کرے۔