سلیمان شہباز کے مزید 13 بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور کی خصوصی عدالت نے وزیر اعظم شہبازشریف اور دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے سلیمان شہباز کے مزید 13 بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی خصوصی عدالت کے جج سینٹرل اعجاز حسن اعوان نے 4 صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس کے مطابق سلیمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولی گئی شوگر ملز سمت دیگر کے اکائونٹس منجمد کرنے کا حکم جاری کیا۔تحریری حکم نامے میں سلیمان شہباز کے اکائونٹس منجمد کرنے کے حوالے سے تفصیلات دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولے گئے العربیہ اور رمضان شوگر ملز کے اکاونٹس منجمد کئے جائیں۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ سلیمان شہباز کے شناختی کارڈ پر کھولے گئےچنیوٹ پاور، شریف فیڈ، اور یونی ٹاس سٹیل کے اکاؤنٹس بھی منجمد کئے جائیں۔خصوصی عدالت کا کہنا ہے کہ بینکوں کو اشتہاری ملزمان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا واضح حکم دیا تھا۔ عدالتی حکم سے متعلق تفتیشی افسر نے بھی بینک کو آگاہ کیا تھا۔
خصوصی عدالت کا کہنا ہے کہ آگاہ کیے جانے کے باوجود بینکوں کےافسران عدالتی حکم پرعملدر آمد میں ناکام رہے، اکاؤنٹس مجمند کرنےکے بجائے بینکوں نے ملزم کے اکاؤنٹس کی تفصیلات دیں۔خصوصی عدالت نے حکم پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں بینک افسران کیخلاف شوکاز جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عمل نہ کرنے پر کیوں نہ بینک افسران کیخلاف کارروائی کی جائے، عدالت نےبینک افسران کو 17 ستمبر کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔
خصوصی عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے شہباز شریف اور حمزہ کی بریت کی درخواست پر جواب جمع کرائے جبکہ اے ڈی سی آرچنیوٹ نے سلیمان شہباز اور طاہر نقوی کی جائیدادوں کی قرقی کی رپورٹ پیش کی۔