بلوچستان حکومت کا کوئٹہ میں مضافات میں نقصانات بارے نام نہاد سروے سے سیلاب متاثرین مطمئین نہیں ‘ پشتونخوا میپ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہونیوالی سروے پر متاثرین تشویش میں مبتلاہیں اور انہیں احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارش اور سیلابوں کے باعث مختلف علاقوں بالخصوص تختانی بائی پاس، سریاب، نواں کلی، چشمہ، ہنہ اوڑک، کچلاغ،غبرگ ودیگر علاقوں میں ہونیوالے نقصانات کے بعد ضلعی انتظامیہ کی سطح پرانفراسٹرکچر کی تباہی اور انسانی جانوں کے ضیاع وزخمی ہونے،مال مویشوں کی ہلاکتیں وپانی میں بہہ جانے، مکانات کی تباہی، باغات کے پانی میں بہہ جانے ودیگر نقصانات پر سروے کیا جارہا ہے اور بعض علاقوں میں عوام بالخصوص متاثرین اس سروے سے مطمئن نہیں جب تک صاف شفاف اور حقیقی سروے کو یقینی نہیں بنایا جاتا

اْس وقت تک متاثرین کے ہونیوالے نقصانات کا ازالہ ہوسکے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سروے ٹیم چند ایک گھر کے افراد سے معلومات حاصل کرتے ہیں پھر اس کے درمیان کئی متاثرہ مکانات وافراد کو چھوڑ کر اپنی مرضی کے گھروں سے معلومات حاصل کرتے ہیں اور غیر تسلی بخش کام کرتے ہوئے متاثرین کو مختلف حیلے وبہانوں کے ذریعے ٹال مٹول سے کام لیا جاتا ہے جو کہ قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ PDMA,NDMA،ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ودیگر متعلقہ ادارے متاثرین کی شکایات پر غور کرتے ہوئے کوئٹہ کے تمام متاثرہ علاقوں میں صاف شفاف سروے کرکے تمام انفراسٹرکچر کی تباہی اور ہونیوالے ہر قسم کے نقصانات کی معلومات(ڈیٹا) اکھٹی کریں تاکہ حقیقی متاثرین کی ہر سطح پر مدد وتعاون کی جاسکے۔