سجل علی کے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں جلوے، مداح خوش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی حال ہی میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) میں اپنی فلم ’واٹس لو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ کے پریمیئر کے لیے ریڈ کارپٹ پر جلوگر ہوئیں۔سجل علی کو ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر دیکھ کر ان کے مداحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہا اور چند ہی لمحوں میں اداکارہ پاکستان میں ٹوئٹر کے ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہوگئیں۔
یہاں ایک نظر ٹوئٹر صارفین کی جانب سے کیے گئے ٹوئٹس پر ڈال لیتے ہیں۔


خیال رہے کہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ، برطانوی فلمساز جمائما گولڈ اسمتھ اس فلم کی شریک پروڈیوسر اور مصنفہ ہیں۔اس مکسڈ کلچر رومینٹک کامیڈی فلم کی کہانی کو اسکرین پر بھارتی ہدایت کار شیکھر کپور نے ترتیب دیا ہے۔فلم کی کاسٹ میں للی جیمز، شہزاد لطیف، سجل علی، شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، ایما تھامسن، مِم شیخ، جیف مرزا، ایمان بوجیلوہ، مریم حق شامل ہیں۔
اس فلم کی کہانی زوئے نامی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے، جسے اپنی نئی دستاویزی فلم بنانے کے لیے ایک اچھے موضوع کی تلاش ہوتی ہے۔پھر اچانک ایک دن زوئے کے بچپن کا دوست کاظم اسے میمونہ نامی ایک لڑکی سے اپنی منگنی ہونے کے بارے میں بتاتا ہے تو زوئے کو اس بات پر کافی حیرانی ہوتی ہے کہ اس کے دوست کے لیے اس کی ہونے والی بیوی کا انتخاب خود اس نے نہیں بلکہ اس کے خاندان نے کیا ہے۔
زوئے کے لیے یہ کافی حیران کن اور دلچسپ بات تھی وہ ’ارینج میریج‘ کی روایت کے بارے میں مزید جاننا چاہتی تھی اس لیے وہ اپنی نئی دستاویزی فلم بنانے کے لیے اسی موضوع کا انتخاب کر لیتی ہے۔یہ فلم آئندہ سال 27 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔