اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے توہینِ عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی . رانا شمیم نے وکیل لطیف آفریدی کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں تحریری معافی نامہ جمع کرا دیا .
معافی نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم نے کہا ہے کہ جب سے پروسیڈنگ شروع ہوئی تب سے دکھ اور افسوس کا اظہار کر رہا ہوں .
ان کا اپنے معافی نامے میں کہنا ہے کہ میری غلط فہمی کی بنا پر جو صورتِ حال پیدا ہوئی شروع دن سے اس کا اظہار کرتا آ رہا ہوں . رانا شمیم کا معافی نامے میں کہنا ہے کہ اس عدالت کا کوئی حاضر سروس جج اس تنازع میں شامل نہیں، اپنی غلط فہمی پر اس عدالت کے تمام حاضر سروس ججز سے غیر مشروط معافی مانگتا ہوں .
معافی نامے میں گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کا مزید کہنا ہے کہ خود کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں . رانا شمیم نے اپنے معافی نامے میں درخواست کی ہے کہ عدالت سے مودبانہ استدعا ہے کہ عدالت میری معافی قبول کرے .