کیا اچھا ناشتہ جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ناشتہ دن کی اہم ترین غذا ہوتی ہے اور ایک صحت مند ناشتے سے آپ کو قوت ملتی ہے۔اگر تو آپ ناشتے کو اہمیت نہیں دیتے تو جان لیں کہ اپنے دن کا آغاز صحت کے لیے ناقص غذا سے کرنا انتہائی نقصان دہ اثرات کا باعث بن سکتا ہے، جسمانی طور پر فٹ رہنے کے لیے ناشتہ ممکنہ طور پر دن کا اہم ترین کھانا ہوتا ہے۔کیا آپ جانتے ہیں کہ صبح پیٹ بھر کر کھانا جسمانی وزن میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
جی ہاں، ایک نئی تحقیق میں اس کا جواب دیا گیا ہے۔درحقیقت صبح یا دن میں کسی اور وقت بہت زیادہ مقدار میں کھایا جائے، اس سے جسم کی کیلوریز کو جلانے کی صلاحیت پر کوئی اثرات مرتب نہیں ہوتے۔
مگر جو لوگ بھرپور ناشتہ کرتے ہیں انہیں دن کے باقی وقت بھوک کم محسوس ہوتی ہے جس سے جسمانی وزن میں کمی لانا آسان ہوسکتا ہے۔ایک تحقیق میں کے لیے 16 مردوں اور 14 خواتین کی خدمات حاصل کی گئی تھیں۔
ہر فرد کو 4 ہفتوں تک صبح یا شام کو ایک وقت زیادہ مقدار میں غذا استعمال کرائی گئی جبکہ باقی وقت کیلوریز کی مقدار محدود رکھی گئی۔4 ہفتوں کے بعد ایک ہفتے کے لیے دن بھر میں متوازن مقدار میں غذا کا استعمال کرایا گیا۔
محققین نے دریافت کیا کہ توانائی کے لیے کیلوریز جلانے اور جسمانی وزن میں کمی کی شرح صبح یا شام میں زیادہ مقدار میں غذا کھانے والوں میں ایک جیسی تھی۔4 ہفتوں کے دوران ان افراد کے جسمانی وزن میں اوسطاً 3 کلوگرام کی کمی آئی۔
مگر محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ اچھا ناشتہ کرنے والے افراد کو دن بھر پیٹ بھرے رہنے کا احساس ہوتا ہے جو حقیقی دنیا میں جسمانی وزن میں کمی لانے کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔اب محققین تحقیق کو مزید آگے بڑھانے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں تاکہ یہ معلوم ہوسکے کہ غذا کا وقت کس طرح میٹابولزم پر اثرانداز ہوتا ہے۔