عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کو متبادل معاشی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کو فوری طور پر متبادل معاشی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔اسلام آباد میں ہونے والے پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک شدید بدترین معاشی بحران کے نرغے میں ہے، ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف فوری طور پر متبادل معاشی منصوبہ تیار کرے، لازم ہے مضبوط معیشت کیلئے اپنی تجاویز قوم کے سامنے رکھیں۔
اجلاس میں سابق وزیر خزانہ شوکت ترین نے قیادت کو کرنسی کی صورت حال سے آگاہ کیا۔چیئرمین عمران خان نے قائدین کو معاشی بحالی کی حکمتِ عملی تیار کرنے کی ہدایت کردی۔شوکت ترین کو ملکی معیشت پر فوکل گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کردی گئی۔
عمران خان کو سیاسی و معاشی صورتحال پر بریفنگ
اجلاس میں عمران خان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آئندہ چند ماہ میں ملکی معیشت کو سنگین صورت حال کا سامنا ہوگا۔بنی گالا میں ہونے والے اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال، معیشت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو تقریباً 30 ارب ڈالر کے قرضے واپس کرنا ہیں، آئی ایم ایف سے ملنے والا قرض محض 2 ارب ڈالر ہے۔بریفنگ میں کہا گیا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث پاکستان کی بانڈ مارکیٹ مکمل تباہ ہو چکی، تحریک انصاف کی حکومت ختم کی گئی تو بانڈ 4 فیصد کے ڈسکاؤنٹ ریٹ پر تھا۔اسد عمر نے اپنی بریفنگ میں کہا کہ بانڈ اب 50 فیصد ڈسکاؤنٹ ریٹ پر مل رہا ہے، یہ کیفیت ظاہر کرتی ہے پاکستان دیوالیہ پن کی دہلیز پر کس قدر آگے جا چکا ہے۔