بدین میں سیلاب کا خطرہ، آبادی کو انخلا کا الرٹ جاری، مساجد سے اعلانات
کراچی(قدرت روزنامہ) بدین میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث آبادی کے زیر آب آنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ انتظامیہ نے انخلا کا ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے علاقے خالی کروانے کے لیے اعلانات شروع کردیے۔ایکسپریس نیوز کے مطابق بدین میں سیلابی پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے بعد آبادی کے انخلا کا ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ لیفٹ بینک آؤٹ فال ڈرین (ایل بی او ڈی) میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے مساجد اور گاڑیوں کے ذریعے اسپیکر پر علاقہ خالی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے آبادی سے اپیل کی ہے کہ وہ مال مویشی اور قیمتی سامان سمیت فوری طور گھر خالی کرکے محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی50 کلومیٹر کے علاقے میں تباہی مچاتا ہوا بے قابو ہو چکا ہے اور اس کی سطح میں کمی کے بجائے وقت کے ساتھ ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔سیلابی پانی یونین کونسل اولیاجرکس، ملکانی، سمن سرکار، پیر بودلو اور پنگریو کے سیکڑوں دیہات ڈبو چکا ہے۔ آر ڈی 205 اور 207 کے درمیان پانی کمزور پشتوں پر شدید دباؤ کی وجہ سے اوورفلو ہوکر آبادی کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملک کے بڑے سیم نالہ ایل بی او ڈی میں پانی کی سطح میں مسلسل خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ ایل بی او ڈی آر ڈی 211 پر کٹ لگانے کی کوشش اور گزشتہ روز علاقے سے انخلا کے لیے جاری ریڈالرٹ کے بعد علاقے میں خوف پھیل چکا ہے۔ پران ندی کے شگاف بند کرنے کی سرگرمیاں بھی غیرعلانیہ طور بند کر دی گئی ہیں۔ پران ندی میں شگاف اور سکھر بیراج کی نہروں کا پانی 17 روز بعد بھی بند نہیں ہو سکا۔
دوسری جانب دریائے سندھ میں کوٹری بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار ہے تاہم پانی کی سطح میں بتدریج کمی آنا شروع ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق جامشورو کوٹری بیراج پر پانی کی سطح میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ بیراج میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد دریا کنارے آباد علاقے اورکچے میں بھی پانی کی سطح میں کمی ہونے لگی۔اُدھر منچھر جھیل کی سطح میں مزید 3 انچ کی کمی آنے سے سطح 122.5فٹ پر آ گئی، جس کے بعد انڈس ہائی وے اور ریلوے ٹریک سے بھی پانی کم ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بھان سعید آباد اور کرمپور رنگ بند سے دباؤ کم ہونا شروع ہو گیا ہے، جس کے بعد مقامی سرگرمیاں بحال ہونا شروع ہوئی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق علاقوں سے نقل مکانی کرنے والے لوگ واپس بھان سعید آباد کی طرف لوٹ رہے ہیں۔ مقامی انتظامیہ کی جانب سے صفائی مہم کےعلاوہ صوبائی حکومت کی طرف سے خیمے اورراشن سمیت دیگر امدادی سامان پہنچنا شروع ہوگیا ہے۔دریں اثنا سندھ کے علاقے بوبک میں کشتی الٹنے کے واقعے کے بعد پاک فوج کے بروقت اقدامات کے باعث کئی افراد کی جان بچا لی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریسکیو کیے جانے والے بزرگ، خواتین اور بچوں کو بہ حفاظت ان کے گاؤں منتقل کردیا گیا ہے۔