اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی کابینہ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کی جانب سے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بھیجی گئی سمری مسترد کر دی ہے .
تفصیلات کے مطابق وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈریپ نے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری وفاقی وزیر صحت عبدالقادر قادر پٹیل کو بھجوائی تھی جسے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا گیا .
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی .
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا اور مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈال سکتے .
دوسری جانب وفاقی وزیر صحت عبدالقادر قادر پٹیل کا کہنا ہے کہ غریب عوام پر ادویات کی قیمت میں اضافے کا بوجھ نہیں ڈالوں گا، ادویات کی قیمتوں میں قطعاً اضافہ نہیں کریں گے .
عبدالقادر قادر پٹیل نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ جعلی ادویات بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جا رہا ہے، منظور شدہ قیمت سے زائد وصول کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی .