عمران خان نے کل جمہوریت کی بحالی کا فارمولا پیش کردیا، فواد چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان نے کل سیاسی مستقبل اور جمہوریت کی بحالی کا عملی فارمولا پیش کیا۔
فواد چوہدری نے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لکھا کہ اس فارمولے پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، ملک کی اقتصادی حالت مزید سیاسی عدم استحکام کا بوجھ نہیں اٹھا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے لیے اسٹیبلشمنٹ کا موجودہ اسٹیٹس کو برقرار رکھا جا سکتا ہے۔


گزشتہ روز عمران خان نے نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں تجویر دی تھی کہ نئی حکومت کے منتخب ہونے تک موجودہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو عہدے پر توسیع دی جائے، نئے آرمی چیف کا معاملہ نئی حکومت آنے تک مئوخر کر دینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے خوف ہے کہ جب تک سیاسی استحکام نہیں آتا تب تک معاشی استحکام نہیں آسکتا، صرف ملک میں سیاسی استحکام الیکشن سے آسکتا ہے، اگر پاکستان ڈیفالٹ ہوگیا تو زیادہ مسائل پیدا ہوں گے، حکومت شفاف الیکشن کے لیے تیار ہے تو ان سے بات کر سکتا ہوں۔