عروہ حسین جلد ہی شہزادی ڈیانا کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی

کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین اپنے نئے پراجیکٹ میں شہزادی ڈیانا کا کردار نبھائیں گی۔ڈرامہ سیریل ’میری شہزادی‘جلد ٹیلی ویژن اسکرین پر شہزادی ڈیانا کی پُر کشش لیکن المناک زندگی کی عکاسی کرنے والا ہے۔اس ڈرامے کے اب تک سامنے آنے والے پروموز میں دانیہ نامی خاتون کی کہانی دکھائی گئی ہے، جو سیاسی شخصیت اور دلوں کی شہزادی ہے لیکن بڑھتی عمر کے ساتھ وہ ایک بڑے سانحے کا شکار ہوجاتی ہے۔
اس ڈرامے کو مشہور ڈرامہ سیریل ’پیار کے صدقے‘ کے ڈرامہ نگار زنجابیل عاصم شاہ نے لکھا ہے جبکہ قاسم علی مرید اس ڈرامے کے ہدایتکار ہیں۔ڈرامہ سیریل ’میری شہزادی‘ میں عروہ حسین، علی رحمٰن، شبیر جان اور قوی خان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ اداکارہ عروہ حسین نے ڈرامہ سیریل ’نیلی زندہ ہے‘، ’پری زاد‘، اور ’اُڈاری‘ سے نمایاں کامیابی حاصل کی۔