پنجاب میں عنقریب ن لیگ کی حکومت ہو گی: رانا مشہود

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا مشہود کا کہنا ہے کہ پنجاب میں عنقریب ن لیگ کی حکومت آنے والی ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا مشہود نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو عملی طور پر آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا، یہ سمجھتے ہیں قوم ان کو معاف کر دے گی، ایک ایک پیسے کا حساب ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آج پنجاب دوبارہ مسلم لیگ ن کی طرف دیکھ رہا ہے، پاکستان کے استحکام اور خوش حالی کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے۔
رانا مشہود کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کو تباہی کے دہانے پر لے گئے تھے، مشکل فیصلے سیاست نہیں ریاست بچانے کے لیے کیے۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں 2 تہائی اکثریت سے واپس آئیں گے۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف واپسی کا فیصلہ کر چکے ہیں، وہ عنقریب قوم کے درمیان ہوں گے۔