اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیف سلیکٹر مینز کرکٹ ٹیم محمد وسیم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں آل راؤنڈر شعیب ملک کو شامل نہ کرنے کی وجہ بتادی . خیال رہے کہ محمد وسیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2022، نیوزی لینڈ میں سہ فریقی سیریز اور انگلینڈ کے خلاف پاکستانی اسکواڈ کا اعلان کیا .
اسکواڈ میں زیادہ تر ان ہی کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے جنہوں نے ایشیا کپ 2022 میں حصہ لیا تھا تاہم ان میں صرف شان مسعود کی واپسی ہوئی ہے جبکہ حسن علی کو ٹیم سے آؤٹ کردیا گیا ہے .
سوالات و جوابات کے سیشن کے دوران جب چیف سلیکٹر مینز کرکٹ ٹیم محمد وسیم سے شعیب ملک کو اسکواڈ میں شامل نہ کرنے سے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے تیاریاں یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد ہی شروع ہوگئی تھیں .
محمد وسیم کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران جو کھلاڑی ٹیم میں نظر نہیں آرہے، یہ واضح پیغام ہے کہ وہ اُن کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے اور ٹیم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے نہیں کھیلے ہیں . انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ٹریک پر تھے کہ جو لڑکے ہم نے تیار کیے تھے اور جو ابھی تک ہمارے ساتھ چلتے ہوئے آرہے ہیں اور انہوں نے ہمیں میچز بھی جتوائے ہیں، ان ہی پر ہمارا اعتماد تھا . محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہمارے ذہن میں اس طرح کی سوچ نہیں تھی کہ ہم آخری منٹ میں کسی کو اس طرح ٹیم میں لے آئیں .