ایوریج بندوں کو ایوریج لوگ ہی پسند آتے ہیں، شعیب اختر قومی ٹیم کی سلیکشن پر پھٹ پڑے

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ورلڈ کپ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے اعلان کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم سمیت ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق اور بیٹنگ کوچ محمد یوسف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق

شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ‘ایوریج لوگوں کو ایوریج بندے ہی پسند آتے ہیں، ایوریج لوگوں سے غیر معمولی فیصلوں کی توقع نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ‘ماشاء اللہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کیا ٹیم سلیکٹ کی ہے، پاکستان کا مسئلہ مڈل آرڈر تھا لیکن انہوں نے کہا ہم تسلسل کے ساتھ ایسا فیصلہ کریں گے کہ جو آپ کو پسند آئے یعنی ہم اتنا برا فیصلہ کریں گے کہ مڈل آرڈر کو تبدیل ہی نہیں کریں گے۔راولپنڈی ایکسپریس نے کہا ‘میں کہہ کہہ تھک چکا ہوں کہ فخر کو کچھ عرصہ اوپننگ کراؤ، آسٹریلوی پچز پر بال اوپر آتی ہے، فخر کو سوٹ کریں گی یہ کنڈیشنز لیکن نہیں بابر نے اوپننگ سے نہیں ہٹنا۔چیف سلیکٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شعیب اختر نے کہا ‘جب وہ ہی ایوریج ہوگا تو فیصلے بھی ایسے ہی ہوں گے، مجھے ویسے بھی اس سے کسی قسم کی امید نہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘ثقلین آخری دفعہ 2002 میں کرکٹ کھیلا تھا پتہ نہیں اسے ٹی ٹوئنٹی کا آئیڈیا ہے یا نہیں، وہ میرا دوست ہے اسے یہ باتیں اچھی نہیں لگیں گی لیکن ثقلین یہ آپ کے بس کی بات نہیں۔