انتخابات کیلئے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی تجویز، مریم نواز کا بیان فواد چوہدری کو پسند آ گیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی انتخابات کیلئے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی تجویز پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو پسند آ گئی۔اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے بیان میں وزن ہے کہ انتخابات کیلئے پنجاب اور پختونخواہ اسمبلی توڑ دیں لیکن یہی وہ فریم ورک ہے جس پر عمران خان نے حکومت کو مذاکرات کیلئے کہا ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ اگر آپ سنجیدہ ہیں تو شہباز شریف کی وطن واپسی پر انتخابات کے فریم ورک پر بات چیت کا آغاز کریں، انتخابات اہم ترین ایجنڈا ہے۔
۔گذشتہ روز نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے کہا تھا کہ الیکشن کی تاریخ چاہئے تو کے پی کے اور پنجاب اسمبلی توڑدیں، سب کچھ وفاق پر ڈال کر پتلی گلی سے فرار نہیں ہو سکتے۔
اسلام آبادہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے بیانات حقائق پر مبنی تھے جو کبھی نہیں بدلتے میں نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان کی سیاست کو تباہ کرنے کیلئے لایا گیا، یہ شخص فتنہ،انتشار،اور پاکستان کی تباہی ہے، اس شخص کو ڈالر دے کر پاکستان کی نئی نسل کو تباہ کرنے کیلئے لانچ کیا گیا ہے، عمران خان کو فنڈنگ کرنیوالی بیرونی قوتیں نہیں چاہتی کہ پاکستان آگے بڑھے، عمرا ن خان پاکستان تباہی اسٹیک ہولڈ ر نہیں ہے ، عمران خان کے فتنے سے کوئی محفوظ نہیں ہو گا، جو کچھ یہ شخص اس ملک کے ساتھ کر کے گیا ہے اس کے طویل اثرات ہو ں گے، اس شخص کو سیاست، اداروں اور اخلاقی اقدار کو تباہ کرنے کیلئے فنڈڈ کیا ہے،سب کو اتفاق ہو نا چاہے کہ یہ فتنہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب سے یہ شخص اقتدار سے نکلا ہے اس نے نیوٹرل کہا اور کیا کچھ نہیں کہا،ایسے بیان وہ شخص دے سکتا ہے جس کا دماغی توازن ٹھیک نہ ہو، عمران خان جب اقتدار میں تھے تو سپہ سالار کی تعریفیں ہو رہی تھیں،عمران خان اپنے کوچ کا نام بتا ہیں جو ان کی رہنمائی کر تا ہے،اہم عہدے پر تقرری سے متعلق کوئی بات کرنا قبل از وقت ہو گا۔ خاتون جج کو دھمکی دی جاتی ہے لیکن پھر انجانے میں اسی شخص کو مضبوط کیا جاتا ہے۔