وزیراعظم کی عالمی برادری کا مرکز نگاہ بننے کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی

سمرقند(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کی ازبکستان میں عالمی برادری کا مرکز نگاہ بننے کی تصویر کی حقیقت سامنے آگئی۔وزیراعظم شہباز شریف ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شریک ہیں۔ اس دوران ان کی ایک تصویر سامنے آئی جس میں وہ عالمی سربراہان مملکت کا مرکز نگاہ بنے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف ٹھوڑی پر ہاتھ رکھے مسکرا رہے ہیں اور دیگر سربراہان مملکت ان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔
اس تصویر پر ن لیگ کے حامی خوب خوش ہوئے اور اس کی خوب تشہیر کی کہ عالمی دنیا میں ہمارے وزیراعظم کو کتنی عزت دی جاتی ہے۔ اس پر عوام بھی حیران ہوئے کہ ایسی کیا بات تھی جس پر شہباز شریف عالمی برادری کا مرکز نگاہ بن گئے۔
تاہم اب ایک ویڈیو سامنے آئی جس نے اس تصویر کی حقیقت سے پردہ اٹھادیا۔ ہوا یہ تھا کہ اجلاس میں شریک عالمی سربراہان مملکت جن میں روسی صدر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب ایردوان بھی شامل تھے، کھانوں کے اسٹالز کا دورہ کررہے تھے اور وہاں رکھی گئی مختلف چیزیں چکھ رہے تھے۔


ایک اسٹال پر دیگر لیڈرز آگے کھڑے کچھ نوش کررہے تھے جبکہ شہبازشریف پیچھے کھڑے تھے اور انہیں آگے آکر کھانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی تو میزبان نے انہیں آگے بلایا اور دیگرمہمانوں نے ان کیلیے جگہ بنائی تو وہ آگے آئے اور اسٹال پر رکھے لوازمات چکھے۔ اس موقع پر یہ تصویر لے لی گئی۔