چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل چھٹی پر چلے گئے
لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب کے چیف سیکریٹری کامران علی افضل 14 روز کی چھٹی پر چلے گئے۔چیف سیکریٹری پنجاب کامران علی افضل کی 17 سے 30 ستمبر تک چھٹی منظور کر لی گئی اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین پی اینڈ ڈی عبد اللّٰہ سنبل کو قائم مقام چیف سیکریٹری پنجاب کا چارج دے دیا گیا ہے۔
عبد اللّٰہ سنبل اب کامران علی افضل کی غیر موجودگی میں چیف سیکریٹری آفس کے معاملات دیکھیں گے۔ذرائع کے مطابق کامران علی افضل نے گزشتہ ماہ 2 بار وفاق کوخدمات واپس لوٹانے کی درخواست کی تھی۔
وفاق اور حکومتِ پنجاب اب تک چیف سیکریٹری کے لیے نیا نام فائنل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ کامران علی افضل نے پنجاب میں ٹرانسفر پوسٹنگ کا حصہ بننے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کامران علی افضل نے آخری حل کے طور پر رخصت کی درخواست دی تھی۔