پاکستانی لیجنڈ اداکارہ مشی خان کی وزیر اعظم شہباز شریف کی ممکری ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچاد ی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) اداکارہ مشی خان بھی علی گُل پیرکے نقش قدم پرچلتے ہوئے معروف شخصیات کی نقالی کررہی ہیں، فالوررزکومحظوظ کرنے کے لیے اس بار انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کا انداز اپنایا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف کا فن خطابت دوسروں سے ذرا ہٹ کرہے، بطوروزیراعلیٰ پنجاب بھی ان کا مخصوص اندازسوشل میڈیا صارفین میں خاصا مقبول تھا


جب اکثرڈائس پر وہ جوش میں آکر ہاتھوں سے مائیک ہی گرادیتے تھے، اس کے علاوہ ان کی ایک وجہ شہرت تقاریرمیں انقلابی شاعری کا استعمال بھی ہے۔ مشی خان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوراں وزیراعظم کے دورہ ٹانک سے ایک کلپ کا انتخاب کرتے ہوئے لپ سنک سے اپنی بہترین اداکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے کہ دیکھنے والوں کے چہرے پر مسکراہٹ آنا لازمی ہے۔ وزیراعظم اس آڈیوکلپ میں سیلاب متاثرین کو نئے گھروں کی تعمیر کی خوشخبری سناتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کررہے ہیں. سوشل میڈیا اکاؤنٹس پرمشی نے لپ سنک کرتے ہوئے ویڈیو اپ لوڈ کی اورشہبازشریف کی بیان کردہ تفصیلات کے مطابق 2 کمرے، باقاعدہ بیت الخلاء، کچن، ہوادار کھڑکیوں کا یہ تاثراتی بیان سبھی کوخوب محظوظ کررہا ہے۔ اچھی بات مشی خان کی جانب سے کی گئی وضاحت ہے، کیپشن میں ان کا کہنا ہے کہ مشکل حالات میں یہ سب آپ کی تفریح طبع کے لیے ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں ہے۔ اس سے قبل اداکارہ نے وزیراعظم کے بیرون ملک دورے سے انگریزی آڈیو کلپ پران کے تاثرات کی خوب نقالی کی تھی۔