اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت انتخابات کی طرف نہ بڑھی تو فائنل کال دی جائیگی اور 2 ہفتوں میں یہ فائنل کال دی جاسکتی ہے . اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت پارٹی کی کور کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنی جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی، تمام تنظیموں کو کہہ دیا ہے مہنگائی کے خلاف احتجاج کی تیاری کریں، کارکنان ستمبر کے مہینے میں ہی فائنل کال کا انتظار کریں، اسلام آباد میں ایسی احتجاج کی کال آئے گی جو اس سے پہلے کسی نے دیکھی نہیں ہوگی .
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انتخابات کی بات کریں آکر ہمارے ساتھ بیٹھا جائے، اس وقت دو راستے ہیں ایک آئیڈیل جمہوریت بن کر ابھریں گے یا نارتھ کوریا اور برما بن جائیں، خواجہ آصف نے اگر کہا ہے بات چیت کے لیے تیار ہیں تو یہ مثبت بات ہے پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، اس وقت ملک کے مفاد میں ہے کہ بغیر کسی انتشار کے بغیرالیکشن کی طرف بڑھیں، اگر نقصان ہوا تو اس کی ذمے داری تحریک انصاف پر نہیں ہوگی، عبوری حکومت نے آنا ہی آنا ہے اس پر کوئی دو رائے نہیں ہے .
فواد چوہدری نے کہا کہ کور کمیٹی نے ملک کی معاشی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے، ملک میں ایک سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا ہے، ملک کے برے شہروں میں اسٹریٹ کرائمز بڑھ گئے ہیں، کریانے کی دکان اور بیکریوں پر بھی ڈاکے پڑ رہے ہیں، لوگوں کو روٹی کے لالے پڑ گئے ہیں اس لیے اسٹریٹ کرائم میں اضافہ ہوا ہے، لوگوں کی نوکریاں جارہی ہیں مہنگائی بڑھ گئی ہے، اگلے چند ماہ میں مزید 10 لاکھ افراد بے روزگار ہونگے، حکومت نے چیخوں کے علاوہ اور کوئی پلان نہیں دیا . انہوں نے بتایا کہ کور کمیٹی اجلاس میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی افسوس کا اظہار کیا گیا، ہونے والی تباہی پر دلی صدمہ ہے، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے، سیلاب کے متاثرین کی مدد کا ملک گیر منصوبہ ہے، پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ٹیلی تھون میں 11 ارب روپے دیے .
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جن صوبوں میں ہماری حکومت ہے وہاں 26 اکتوبر سے 9 نومبر تک عشرہ رحمت العالمین ﷺ منائیں گے .