ایم کیو ایم نے کے ایم سی چارجز کو بھتہ وصولی قرار دیدیا

کراچی(قدرت روزنامہ) ایم کیو ایم پاکستان کے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی چارجز شامل کرنے کو بھتہ وصولی کے مترادف قرار دے دیا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے بجلی کے بلوں میں کے ایم سی چارجز شامل کرنے کی شدید مخالفت کی ہے۔ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ کے ایم سی چارجز جبراً وصول کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں کراچی کے شہریوں سے جبراً ٹیکس وصول کرنا بھتہ خوری کے مترادف ہے۔
رابطہ کمیٹی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولیات تک دینے میں ناکام ہے اور کراچی سے ٹیکس کی مد میں سالانہ 300 ارب کماتی ہے اس کا حساب دے۔ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ واٹربورڈ کے نام پر سندھ حکومت بھاری بل بھیجتی ہے وہ پیسہ کہاں خرچ کیا جاتا ہے؟ اربوں روپے ٹیکس کے باوجود کراچی کو نہ پانی میسر ہے نہ سیوریج کا نظام ٹھیک ہے۔
رابطہ کمیٹی کے مطابق سندھ حکومت نے کے الیکٹرک کیساتھ ملکر شہریوں کی محنت کی کمائی پرڈاکہ مارنےکی تیاری کی ہے یہ پیپلزپارٹی کا ایک آمرانہ فیصلہ ہے جس پر کسی سے مشاورت نہیں کی گئی۔ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ شہریوں کو سہولیات دیے بغیر ٹیکس کی جبری وصولی کےخلاف ہرسطح پرمخالفت کریں گے۔