اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ چوروں نے ملک پر قبضہ کرلیا ہے، ہر روز ان کے کیسز ختم ہورہے ہیں . تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں طالبات کنونشن س خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انسانوں کے معاشرے میں انصاف ہوتا ہے اور جب معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا تو وہ جانوروں سے بھی پیچھے چلا جاتا ہے .
عمران خان نے کہا کہ قوم بیدار ہوچکی ہے، پاکستان کے نوجوان اپنے مستقبل کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ کا فیصلہ کن وقت ہے . انہوں نے کہا کہ ملک پر معروف ڈاکو مسلط ہیں اور نامور ڈاکو چور بیٹھ جائیں تو ملک کیسے چل سکتا ہے . انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف کہتا ہے بھیک نہیں مانگنا چاہتا لیکن مجبوری ہے اور بھیک مانگ کر پوری قوم کی تذلیل کرتے ہیں .
عمران خان کا کہنا تھا کہ دنیا کے سامنے ہاتھ پھیلائیں گے توکوئی عزت نہیں کریگا . ان کا کہنا تھا کہ انسانوں کی بدترین غلامی دیکھنی ہےتواندرون سندھ چلے جائیں، وڈیرے جس طرح ظلم کرتے ہیں ایسا جانوروں کے ساتھ بھی نہیں ہوتا ہے .
انہوں نے بتایا کہ ہم اپنی حیثیت نہیں جانتے کہ اللہ نے ہمیں کتنی طاقت دی ہے، ہم کچھ بھی کرسکتے ہیں لیکن زنجیریں بندھی ہوئی ہیں . انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی عوام کو ملک کیلئے جہاد کا پیغام دے رہا ہوں، حقیقی آزادی کیلئے سیاست نہیں جہاد کرتے ہیں،حقیقی آزادی مارچ کی تحریک کامیاب ہوگی .