نیویارک(قدرت روزنامہ) اقوام متحدہ کے ڈیولپمنٹ پروگرام(یو این ڈی پی) کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف ملنا چاہیے . یو این ڈی پی کے پالیسی میمورینڈم میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو قرض فراہم کرنے والے عالمی اداروں اور ممالک کو قرضوں کی واپسی کے لئے پاکستان کو ریلیف دینا چاہیے تاکہ اسے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث آنے والے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کا موقع مل سکے .
یو این ڈی پی کے پیپر میں مزید کہا گیا ہے کہ سیلاب سے متاثر پاکستان کو عالمی قرضوں کی ادائیگی معطل کرنا چاہیے . پاکستان میں سیلاب سے بڑے انسانی بحران نے جنم لیا ہے اور پاکستان کی معیشت کو نقصان پہنچایا ہے . پاکستان کو قرض فراہم کرنے والے اداروں اورممالک سے اسے ری شیڈول کرنے کی درخواست کرنا چاہیے . اس اقدام کا مقصد ماحولیاتی تبدیلی کے باعث ہونے والے بحران اور اس کے نقصان سے نمٹنا ہے .
پاکستان کو قرض فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک چین ہے جس نے پاکستان کو بیلٹ اینڈ روڈ اینی شی ایٹو کے تحت 30 بلین ڈالرز فراہم کئے ہیں . پاکستان کو قرض فراہم کرنے والے دیگر ملکوں میں جاپان، فرانس ، ورلڈ بینک اوردیگر کمرشل بونڈ ہولڈرز شامل ہیں . پاکستان میں تباہ کن سیلاب سے 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 30 کروڑ ڈالرکا نقصان ہوا ہے .