اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیر خزانہ اور مسلم ن لیگ کے سینئر رہنما اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک کو نوازشریف کی ضرورت ہے . انہوں نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کے معاملات کو ابھی تک حل ہو جانا چاہئیے تھا .
تمام ثبوت آ چکے ہیں، پانامہ اور ڈان کا ڈرامہ نہ ہوتا تو آج پاکستان کہیں اور کھڑا ہوتا .
انہوں نے کہا کہ چند ہفتے پہلے نوازشریف صاحب نے مجھے پاکستان جانے کی اجازت دی . ان کے ساتھ قانونی ناانصافیاں ہوئیں . اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سات اکتوبر سے پہلے پہلے پاکستان جانا ہے . نوازشریف اور شہباز شریف صاحب جیسا کہیں گے اس حساب سے فیصلہ کروں گا، میرا خیال ہے شاید میں اگلے ہفتے کے اختتام تک پاکستان چلا جاؤں گا .
میرا سینیٹ کی رکنیت کا حلف بھی التوا ہے وہ بھی لینا ضروری ہے .
سینیٹ کی رکنیت کے حلف کے بعد پارٹی جو ڈیوٹی لگائے گی ادا کروں گا . میں دعوؤں پر نہیں کارگردگی پر یقین رکھتا ہوں . دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی کی تصدیق کردی . نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اگلے ہفتے پاکستان آسکتے ہیں، حکومت ان کے تجربے سے استفادہ کرے گی .
میڈیا سے بات چیت میں وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ایک احمق کا کہنا ہے کہ الیکشن کرا دیں، ایک تہائی پاکستان ڈوبا ہوا ہے کیسے الیکشن کرا دیں . وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت ساڑھے 3 کروڑ پاکستانی بے گھر ہیں، حکومت کا پورا فوکس متاثرینِ سیلاب کی بحالی پر ہے . انہوں نے کہا کہ فتنے اور فساد کو روکنے کے لیے ہم نے تیاری کی ہے، اگر پی ٹی آئی والے آئین و قانون کے مطابق پرامن احتجاج کرنا چاہیں گے تو ہم تحفظ فراہم کریں گے .