وزیر اعظم اور مریم نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا، مبینہ آڈیو لیک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مبینہ آڈیو لیک کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور مریم نواز نے پرویز الہٰی کو بدمعاش قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق چوہدری برادران کے درمیان اختلافات پر بھی مریم نواز اور شہباز شریف کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی ہے۔
مریم نواز مبینہ آڈیو لیک میں کہتی ہیں کہ مجھے عطا وغیرہ کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنی ہے، آج بجٹ پیش ہو جائے، اس کے بعد انشاءاللہ۔شہباز شریف نے کہا یہ پوری بدمعاشی پر اترا ہوا ہے، مریم کہتی ہیں بہت بدمعاشی۔
وزیر اعظم نے کہا ’گھر کو تقسیم کر دیا، بڑا بھائی زندگی بھر چھوٹے بھائی کی راہیں ہموار کرتا رہا، اس کے بچے کو تیار کیا، ظاہر ہے اس نے اپنے بچوں کا مستقبل بھی دیکھنا تھا۔‘


شہباز شریف نے کہا دو تین مہینے پہلے چوہدری پرویز نے عمران سے رابطہ کیا تھا۔ مریم نے کہا ’انکل جو اپنے بھائی کا نہیں ہوا وہ کسی کا نہیں بن سکتا، باپ جیسا بھائی، ابھی بھی اس کے ظلم پر بولتا نہیں۔‘
مریم نے مزید کہا ’مجھے لگتا ہے مونس نے اسے بہت خراب کیا۔‘ اس پر شہباز شریف نے کہا ’خراب ہونے والے کو ہی خراب کیا جاتا ہے۔‘مریم نواز نے کہا ’اس نے بیٹے کی باتوں میں آ کر سب کچھ برباد کر دیا، چوہدری شجاعت کو اس بات کو اوپن کرنا چاہیے تھا۔‘