دعا کرو جب میں دنیا سے جاؤں تو شہید ہو کر جاؤں ۔۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر خُرم سے متعلق دوست احباب کیا بتاتے ہیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)کل شب بلوچستان میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوگیا۔ یہ ہیلی کاپٹر اور اس میں سوار تمام افراد کسی خاص مشن کے تحت نکلے تھے لیکن شہید ہوگئے۔ اس حادثے میں 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار تمام 6 فوجی اہلکار شہید ہوئے۔ جن کے نام پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد، نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران اور سپاہی شعیب ہیں۔ ان شہداء میں سے ایک میجر خُرم شہزاد بھی ہیں۔
میجر خُرم کا تعلق اٹک کشمیر محلہ سے ہے۔ ان کی عمر 39 سال تھی۔ ان کے سوگواران میں ایک بیٹا اور چھوٹی بیٹی، بیوی، ماں ، باپ اور بہن ہے۔ یہ کچھ روز قبل ہی یہاں بلوچستان میں تعینات ہوئے تھے۔ ان کے دوست احباب بھی ان کے شہید ہونے پر فخر محسوس کر رہے ہیں وہیں ان کے دنیا سے جانے پر افسردہ بھی ہیں۔

میجر خُرم کے دوست کہتے ہیں: ” میرے بچپن کا ساتھی خرم جس کو ہر وقت ہر کام کی جلدی ہوتی تھی، کسی کام میں تاخیر نہیں کرتا تھا، اس کو شہادت کا مرتبہ حاصل کرنے کا شوق تھا وہ ہمیشہ دوستوں سے کہتا دعا کرو جب میں دنیا سے جاؤں تو شہید اٹھایا جاؤں۔


پاک فوج کا ہر فوجی شہادت کے جذبے سے سرشار ہے جس پر پوری قوم فخر محسوس کرتی ہے۔ ان کے اہلِ خانہ کیلئے ہر کوئی صبر عظیم کی دعائیں کر رہا ہے۔ ان کی نماز جنازہ راولپنڈی میں آرمی کے قبرستان میں ادا کی جائے گی اور اس کے بعد آبائی علاقوں میں منتقل کردیا جائے گا۔