ہمایوں سعید کی نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ کب ریلیز ہو رہی ہے؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی معروف اداکار، پروڈیوسر و ہدایتکار ہمایوں سعید کے مداحوں کا انتظار ختم ہونے کو ہے، نیٹ فلکس کی سپر ہٹ سیریز ’دی کراؤن‘ کا پانچواں سیزن آنے والا ہے۔نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ میں ہمایوں سعید ڈاکٹر حسنات خان کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے، ہمایوں نے بھی اپنی سیریز ’دی کراؤن‘ کے نشر ہونے کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔
ہمایوں سیعد کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے جس کے مطابق اُن کی آنے والی نیٹ فلکس سیریز ’دی کراؤن‘ آئندہ ماہ 9 اکتوبر کو نیٹ فلکس پر نشر کی جائے گی۔
View this post on Instagram
شاہی خاندان کے اہم ترین رکن، پرنسس آف ویلز، لیڈی ڈیانا کی زندگی پر بننے والی اس سیریز کا یہ پانچواں سیزن ہوگا جس میں ہمایوں سعید لیڈی ڈیانا کے قریبی دوست، پاکستانی ڈاکٹر، حسنات خان کے کردار میں نظر آئیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سیریز میں لیڈی ڈیانا اور ڈاکٹر حسنات کے دو سالہ طویل خفیہ تعلق سے متعلق بات کی گئی ہے۔
شاہی خاندان پر بننے والی اس سیریز میں ایک طرف شہزادی ڈیانا اور شہزادہ چارلس کی شادی اور اس کے اختتام کو موضوع بنایا گیا ہے وہیں 1997ء میں کار حادثے میں شہزادی ڈیانا کی موت کو بھی عکس بند کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں ڈاکٹر حسنات خان کو برطانوی شہزادی ڈیانا کی ’حقیقی محبت‘ قرار دیا جاتا رہا ہے جنہیں وہ ’مسٹر ونڈرفل‘ کے نام سے پکارتی تھیں۔
شہزادی ڈیانا کی ڈاکٹر حسنات سے ملاقات ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوئی تھی۔یاد رہے کہ ’دی کراؤن‘ سیریز کے پہلے 4 سیزن اب تک 22 گریمی ایوارڈز جیت چکے ہیں۔