حارث کو ایوارڈ ملنے پر رضوان کی بیٹیوں کا معصومانہ سوال

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی اپنی بیٹیوں کے ساتھ ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ان کی بیٹیوں نے ایوارڈ (مین آف دی میچ) سے متعلق سوال کیا۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد رضوان قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سے گفتگو کر رہے ہیں اور بتا رہے ہیں کہ ان کی بیٹیوں نے سوال کیا کہ کپ کس کو ملا، میں نے کہا کہ حارث رؤف کو ملا۔


محمد رضوان نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں نے پھر سوال کیا کہ انہیں (حارث رؤف) کیوں ملا؟ تو میں نے جواب دیا کہ میں نے خراب بیٹنگ کی، بیٹیوں نے کہا کہ آپ نے خراب کیوں کھیلا۔


ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ محمد رضوان نے اپنی بیٹیوں کی حارث رؤف سے ملاقات بھی کروائی۔واضح رہے کہ حارث رؤف کی تباہ کن بولنگ کے باعث پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد انگلینڈ کو چوتھے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 رنز سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کی تھی۔
فاسٹ بولر حارث رؤف کو شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا، انہوں نے 4 اوورز میں 32 رنز کے عوض انگلینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔