کترینہ کیف کی وجہ سے کرن جوہر کو شرمندگی کب محسوس ہوئی؟

ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ فلم ساز کرن جوہر نے بتایا ہے کہ میرے لئے یہ تسلیم کرنا بہت شرمناک ہے کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی میں مجھے نہیں بلایا گیا تھا۔اپنے چیٹ شو ’کافی ود کرن‘ کے دوران کرن جوہر کا کہنا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کے بعد لوگوں نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کو شادی میں کیوں نہیں بلایا گیا۔
کرن جوہر کا کہنا تھا کہ کترینہ کیف اور وکی کوشل کی شادی کے وقت مجھے بہت برا لگا کیونکہ ایک وقت ایسا آیا جب لوگ مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ آپ ہمیں کچھ بتا نہیں رہے حالانکہ آپ تو شادی میں موجود تھے۔کرن جوہر نے کہا کہ مجھے یہ قبول کرتے ہوئے بہت برا لگا کہ مجھے شادی میں نہیں بلایا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ شادی میں نہ بلائے جانے کی بات بتانے کے بعد لوگوں نے ہمدردی اور شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے سوال پوچھے کہ آپ کو شادی میں کیوں نہیں بلایا گیا تھا، آپ لوگوں کے درمیان سب کچھ ٹھیک تو ہے؟۔
کرن جوہر کا مزید کہنا تھا کہ مجھے اس وقت تھوڑا بہتر محسوس ہوا جب مجھے پتا چلا کہ فلمساز انوراگ کشیپ کو بھی شادی میں نہیں بلایا گیا تھا۔واضح رہے کہ سال 2021ء کے آخری ماہ دسمبر میں کترینہ کیف اور وکی کوشل راجستھان میں ایک شاہانہ تقریب کے دوران رشتۂ ازدواج میں منسلک ہوگئے تھے۔