یوٹیلیٹی سٹورزکارپوریشن نے گھی، کوکنگ آئل سمیت مختلف برانڈ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن نے مختلف برانڈ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا،مختلف برانڈ کے گھی، کوکنگ آئل، چائے اور اچار مہنگے کردیئے گئے۔

نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق گھی کے ایک کلو کے پیکٹ پر 31 روپے کا اضافہ کیا گیاجبکہ کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 34 روپے کا اضافہ ہوا ہے اورآلیوآئل کی قیمت میں 51 روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیاہے۔

چائے کی پتی کے 950 گرام کے پیکٹ کی قیمت میں 40 روپے جبکہ ماچس کے پیکٹ کی قیمت میں 10 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ہارپک کی ایک لیٹر بوتل کی قیمت میں49 روپے جبکہ برانڈڈ ڈیٹرجنٹ پاوڈر کے پیکٹ پر 50 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

ملک بھر کے یوٹیلیٹی سٹورز پر نئی قیمتوں کا اطلاق فوری ہو گا۔