’امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف کھیلنا ہے‘ عمران خان کی آڈیو لیک سامنے آ گئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)امریکی سائفر سے متعلق پی ٹی آئی کے سربراہ، سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک سامنے آ گئی۔اس آڈیو کلپ میں عمران خان کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی۔
اس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں، آپ کو یاد ہے تو آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا کہ ڈیمارچ کریں۔
اعظم خان نے مزید کہا کہ اگر ڈیمارچ نہیں بھی دینا تو میں نے سوچا ہے کہ اس کو کور کیسے کرنا ہے ؟آڈیو میں اعظم خان نے اپنی تجویز بتاتے ہوئے آگے کہا کہ ایک میٹنگ کریں شاہ محمود قریشی اور فارن سیکریٹری کی جس میں شاہ محمود لیٹر پڑھ کر سنائیں گے اور وہ جو بھی پڑھ کر سنائیں گے اس کو کاپی میں بدل دیں گے، وہ میں منٹس میں کر دوں گا، فارن سیکریٹری نے یہ چیز بنا دی ہے۔
یاد رہے کہ اعظم خان سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے پرنسپل سیکریٹری رہ چکے ہیں۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیرِ اعظم ہاؤس میں ہونے والے اہم اجلاس کی آڈیوز بھی لیک ہوئی تھیں۔یہ آڈیوز لیک ہونے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کر رکھا ہے۔
آڈیو لیکس پر وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا۔اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہان خفیہ ریکارڈنگز کے معاملے پر کمیٹی کو بریف کریں گے۔اجلاس میں وزیرِ اعظم آفس کی سیکیورٹی کے معاملات کا ازسرِنو جائزہ بھی لیا جائے گا۔