اسلام آباد(قدرت روزنامہ) دفتر خارجہ نے امریکہ سے سفارتی محاذ پر از سر نو کوششوں کی تجویز دے دی . اسلام آباد ہائی کورٹ میں امریکہ میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے دائر درخواست پر سماعت ہوئی .
ہائی کورٹ نے دفتر خارجہ کو ہر دو ہفتے بعد پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی .
دفتر خارجہ کے قانونی مشیر اسد برکی عدالت کے سامنے پیش ہوئے . ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ امریکہ کے قیدیوں کی سزا میں معافی کے آفس میں درخواست دی گئی تھی .
دفتر خارجہ کے قانونی مشیر نے کہا کہ عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے امریکہ سے از سر نو سفارتی کوششیں کی جا سکتی ہیں ، دفتر خارجہ اس معاملے کو سفارتی سطح پر اٹھا سکتا ہے ، امریکی اٹارنی جنرل کو ہمارے اٹارنی جنرل بھی خط لکھ سکتے ہیں ، دفتر خارجہ صرف سفارتی محاذ پر کوشش کر سکتا ہے ، قانونی محاذ کو وزارت داخلہ نے دیکھنا ہے . عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں کے لیے ملتوی کردی .