ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، کیسز میں ہوشربا اضافہ

کراچی (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں ڈینگی بے قابو ہوچکا ہے ، جس کے پیش نظر کیسز میں ہوشربا اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی کی صورتحال دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے جس کے پیش نظر یومیہ ہزاروں کیسز رپورٹ ہورہے ہیں۔محکمہ صحت سندھ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں سندھ بھر میں 436کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 254کیسز کا تعلق کراچی سے ہے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ ضلع کورنگی 112 ،ضلع وسطی 53، ضلع شرقی 37، ضلع ملیر 20 ،ضلع غربی 15، ضلع جنوبی 10 اور کیماڑی 7کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت سندھ نے بتایا کہ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے 33 افراد جاںبحق ہوئے جبکہ رواں ماہ یکم ستمبر سے آج تک کراچی میں 5 ہزار 245کیسز رپورٹ ہووچکے ہیں۔
محکمہ صحت سندھ کا مزید کہنا ہے کہ رواں سال سندھ بھر میں8 ہزار 785کیسز رپورٹ ہوچکے ہی۔دوسری جانب خیبر پختونخوا میں بھی ڈینگی کی صورتحال بگڑتی ہوئی نظر آرہی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی کے مزید 392 کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پشاور سے 175 جبکہ مردان میں 95 کیسز رپورٹ ہوئے البتہ اب تک مجموعی طور پشاور میں سب سے ذیادہ 2 ہزار 174، مردان میں 2 ہزار 105 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
محکمہ صحت کا مزید کہنا ہے کہ اب تک صوبے بھر میں ڈینگی بخار نے 7افراد کی جان لے لی ہے۔
ڈینگی روکنے کے لیے کمشنر کراچی کا نیا حکم نامہ جاری
کراچی میں ڈینگی روکنے کے لیے کمشنر کراچی کی جانب سے نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔کراچی میں تعلیمی اداروں میں ایک ماہ تک پی ٹی اور اسمبلی پر پابندی کا فیصلہ عائد کیا گیا ہے۔
کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ اسٹوڈنٹس کو مکمل آستین اسکول ڈریسز پہننے کی ہدایت کی جائے اور تعلیمی اداروں میں صفائی کا خیال رکھا جائے۔کمشنر کراچی نے کہا کہ ڈینگی پھیلاؤ روکنے کے لیے پہلے سے کھڑے پانی کی نکاسی اور اسپرے کیا جائے، ڈینگی مچھر ہونے پر اسکول انتظامیہ فوری متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو آگاہ کرنے کی پابند ہوگی۔