بے روزگار نوجوانوں کو جعلی سرکاری اشتہارات کے ذریعے لوٹے جانے کاانکشاف

لاہور (قدرت روزنامہ)بے روزگار نوجوانوں کوجعلی سرکاری اشتہارات کے ذریعے لوٹے جانے کاانکشاف ہواہے ۔تفصیلات کے مطابق جعل سازوں نے بینک میں باقاعدہ اکاؤنٹ کھولا اور بے روزگار نوجوانوں سے رقم بینک چالان کی صورت میں وصول کی۔
محکمہ ریلوے کو نوجوانوں کے لوٹے جانے کے بعد جعل سازی کاعلم ہوا،ریلوے لاہور ڈویژن نے ایف آئی اے کو جعل سازوں اور بینک کے متعلقہ عملے کے خلاف کارروائی کے لیے خط لکھ دیا۔بول نیوز کے کانٹینٹ سیل کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق جعل سازوں نے ریلوے کے جعلی اشتہار جاری کرکے بے روزگار نوجوانوں کو لوٹ لیا ۔ جعل سازوں نے بینک اکاؤنٹ میں پیسے وصول کیے۔
جعل سازوں نے محکمہ ریلوے کاجعلی اشتہار سوشل میڈیا پر جاری کیا ۔اشتہار اس طرح بنایاگیا جیسے کسی اخبار میں شائع ہوا ہو جعلی اشتہار میں ریلوے لاہور ڈویژن میں گریڈ ایک سے گریڈ 5 تک کی اسامیوں کا اعلان کیا گیا اور چالان کے لیے بے روزگار نوجوان سے 425 روپے دینے کا کہا گیا۔جعلی اشتہار میں چالان جمع کرنے کے لیے ایک نجی بینک کا اکاؤنٹ نمبر بھی دیا گیا۔
درخواستیں بھجوانے کی آخری تاریخ 22 ستمبر رکھی گئی تھی،درخواست بھیجنے کے لیے پاکستان ریلوے لا ہور ڈویژن کا پتہ دیاگیا۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ بے روزگاروں کے لٹ جانے کے بعد ریلوے حکام کو جعلی اشتہار کاعلم ہوا جس کے بعد ریلوے لاہور ڈویژن نے جعلی اشتہار پر درج اکاؤنٹ بلاک کرنے کے لیے بینک کو درخواست دی۔

ریلوے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ریلوے نے جعلی اشتہار کے ذریعے عوام کو لوٹنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے ایف آئی اے کو بھی درخواست دے د ی ہے ۔ذرائع کے مطابق بینک کے متعلقہ حکام جنہوں نے ان جعل سازوں کے لیے اکاؤنٹ کھولا ان کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی استدعا کی گئی ہے اس کے ساتھ لوٹنے والوں کی رقم ریکوری کے لیے بھی اقدامات کی درخواست کی گئی ہے ۔