افغانستان کا سیاسی حل تلاش کرنا ضروری، پاکستانی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہو گی: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) دفتر خارجہ پاکستان کے ترجمان زاہد حفیظ نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغانستان میں جامع سیاسی حکومت کی بات کی ہے اور افغانستان کا سیاسی حل تلاش کرنا بہت ضروری ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان زہد حفیظ نے نجی ٹی وی کے پروگرام گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی، کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے افغان سرزمین پاکستان میں دہشت گردی کیلئے استعمال کی تاہم پاکستان کی سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گزشتہ روز میڈیا بریفنگ میں بتایا تھا کہ طالبان نے افغان سرزمین کسی بھی صورت پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کا کہہ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر کوئی فیصلہ تنہاءنہیں کرنا چاہتے بلکہ عالمی طاقتوں کیساتھ مل کر لائحہ عمل مرتب کریں گے اور اس مقصد کیلئے دوست ممالک کیساتھ ساتھ افغان گروہوں سے بھی رابطے میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے خود کہا ہے کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں کی جائے گی اور اب یہ طے شدہ بات ہے کہ کسی دہشت گرد کو افغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دی جائے گی۔