بلوچستان

کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا جلوس، سیکیورٹی کے سخت انتظامات، موبائل فون سروس معطل

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے سلسلے میں شہر بھر میں موبائل فون سروس معطل ہو گئی ہے اور امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس دوپہر 1 بجے امام بارگاہ ناصر العزاءسے برآمد ہو گا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاءپر ہی اختتام پذیر ہو گا
شہر میں 9 محرم الحرام کے موقع پر تمام کمپنیوں کی موبائل فون سروس صبح 9 بجے سے معطل ہو گئی ہے جبکہ موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ بھی بند ہے، موبائل اور ڈیٹا سروس رات 8 بجے تک معطل رہے گی جسے مقررہ وقت کے بعد بتدریج بحال کیا جائے گا۔
جلوس کے سلسلے میں شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور پولیس، ایف سی اور لیویز کے 4 ہزار سے زائد اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے صوبائی حکومت نے کوئٹہ شہر دفعہ 144 نافذ کرنے کیساتھ ساتھ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے جس کا اطلاق یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک ہو گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں دہشت گردوں نے ایک پولیس وین کو بم حملے کا نشانہ بنایا تھا جس میں دو اہلکار شہید جبکہ عام شہریوں سمیت 22 زخمی ہو گئے تھے جس کے بعد مسلسل تین روز کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں کریکر بم کے دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوتی رہیں۔

متعلقہ خبریں