وطن واپسی کی تیاری۔۔ کیا مریم کے بعد نوازشریف کی سزاء بھی ختم ہونے والی ہے؟

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سابق وزیراعظم نوازشریف نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی بریت کے بعد وطن واپسی کیلئے تیاری شروع کردی۔عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور اس مقصد کیلئے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی،امید ہے کہ قانونی ٹیم جلد عدالت سے رجوع کرے گی۔


نواز شریف نے مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی بریت کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’مریم کی بریت پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، میں نے کئی سال پہلے ہی اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑ دیا تھا،اگر انسان سچا ہو تو اللہ ساتھ نہیں چھوڑتا، اللہ تعالیٰ نے فتح دے کر حق اور سچ پوری دنیا کو دکھا دیا۔یاد رہے کہ جس کیس میں مریم نواز کو بری کیا گیا ہے نوازشریف کو اسی کیس میں 10 سال کی سزاء ہوئی تھی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت نے نوازشریف کے کیس کی سماعت ان کی موجودگی سے مشروط کررکھی ہے۔

مسلم لیگ ن کے قائد عدالت میں پیش ہوتے ہیں تو ان کی بریت کا فیصلہ بھی متوقع ہے کیونکہ مریم نواز کی بریت نے کیس کی سمت کا تعین کردیا ہے جس کے بعد نوازشریف کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور وہ جلد ہی راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے بعد ازاں وہ وطن واپس آکر عدالت کا سامنا کریں گے اور اسی طرح اپیل دائر کریں گے جس طرح مریم نواز نے دائر کی۔