فرانسیسی صدر نے ڈونرز کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس کے انعقاد پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان سے عزم کر رکھا ہے، فرانسیسی صدر نے اس کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ابھی کانفرنس کے مقام اور وقت کے حوالے سے بات چیت جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے لیے نیویارک کا دورہ کیا اور اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل سمیت متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں سیلاب پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی، موسمیاتی تبدیلیوں کے تباہ کن اثرات پر توجہ دلوائی۔
وزیراعظم نے خطاب میں موسمیاتی تبدیلیوں میں ترقی پذیر ممالک کے کم حصہ کا بتایا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال اور سیلاب کے تناظر میں قرضوں کا معاملہ انتہائی اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپنے خطاب اور ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر میں مظالم کو اجاگر کیا اور بھارت کو قیام امن اور مل کر مفلسی کے خلاف جدوجہد کی دعوت دی۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر فلیش اپیل منگل کو دوبارہ لانچ کریں گے، یہ نظرثانی شدہ اپیل یورپی یونین میں دوبارہ لانچ کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ چین نے سیلابی صورتحال میں پاکستان کی بہت مدد کی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے باہمی مسائل کے حل اور دونوں ممالک کے مفاد میں تعلقات چاہتے ہیں، بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے اقدامات کے بعد تعلقات میں مزید خرابی آئی۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر ذمہ دارانہ اقدامات کرنا ہوں گے، کوشش ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کا معاملہ بہتر انداز میں اٹھائیں، معاملہ عدالت میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا مجدد الف ثانی کے عرس میں شرکت کیلئے پاکستانیوں کو اجازت نہ دینا افسوسناک ہے، یہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ عرس 19 سے 26 ستمبر تک ہونا تھا، جس میں 196 زائرین نے شرکت کرنا تھی، 44 افراد کو ویزا جاری نہیں کیا گیا، دیگر کے ویزوں کو پولیس رپورٹ سے مشروط کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ کل وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افسران کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ کو فیئرویل دی، سینئر افسر اور اسپیشل سیکرٹری کو قائمقام سیکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔