ہمارا نظام عدلیہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا نظام عدلیہ مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کے پی ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اب جسٹس سسٹم ناکام ہوچکا ہے، ہم نیب کے معاملے پر سپریم کورٹ گئے ہوئے ہیں

‘مریم نواز اور صفدر کو کیسے کلین چٹ مل گئی’
انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کو کیسے کلین چٹ مل گئی، شریف فیملی نے ملکر اتفاق فاؤنڈری کی بنیاد رکھی۔فواد چوہدری نے کہا کہ 1980میں ان بھائیوں کی صرف ایک فیکٹری تھی، شریف فیملی کا جنرل ضیا اور جنرل جیلانی سے تعلق رہا، نواز شریف جب دو بار وزیراعظم بنے تو ان کی کمپنیاں ایک سے بڑھ کر 27ہو گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہوں نے ایک کھیل بھی کھیلا، موٹر وے میں 23686 ارب کی مہنگی ترین موٹر وے بنائی، پھر اچانک لندن میں شریف فیملی کا پیسہ جانا شروع ہوا۔
‘ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے’
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ رحمن ملک نے اس معاملے کی حدیبیہ پیپر کے نام سے تحقیقات شروع کی اور پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں مقدمہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف درخواست دے چکے ہیں، ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت انصاف کے نظام پر سوالیہ نشان ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ شہبازشریف نے کہا تھا والد غریب شخص تھے، شہباز شریف نے کہا تھا والد محنت کش آدمی تھے۔
‘پاکستان میں بڑے مجرموں کو سزا دینا مشکل ہوگیا ہے’
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بیرون ملک بھیجے جانے والے پیسے سے پارک لین اپارٹمنٹ خریدے گئے، نواز شریف ماضی میں مشرف سے معاہدہ کرکے بیرون ملک گئے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ نواز شریف دس سالہ معاہدہ کرکے سعودی عرب گئے اس دور کی حکومت نے حدیبیہ پیپرز کا کیس کھو کھاتے میں ڈال دیا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے اسحق ڈار مین کیریکٹر تھے، اسحق ڈار آج بھی انکے اہم ترین آدمی ہیں۔