چینی وفد کا اندورن سندھ کا دورہ، پاک فوج کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات کی تعریف

کراچی (قدرت روزنامہ)چینی میڈیا کے وفد نے پاک فوج کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لئے پیش کی جانے والی خدمات کی تعریف کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی میڈیا کے وفد کی جانب سے اندرون سندھ کا دورہ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ چینی وفد نے بدین کے علاقے ماتلی میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا جبکہ پاکستان آرمی نے چائنیز وفد کو ٹینٹ سٹی کا دورہ کرایا اور صورتحال دکھائی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس دوران چائنیز وفد اور پاک آرمی نے متاثرین میں راشن اور ٹینٹس بھی تقسیم کیے جبکہ متاثرین کے لیے میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا اور مفت ادویات فراہم کیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ چائنیز وفد نے پاک آرمی کی سیلاب میں مسلسل امداد اور لوگوں کو ریسکیو کرنے کے عمل کی بھی تعریف کی۔