کھویا ہوا سائفر ن لیگ کو کہاں سے ملے گا ۔۔۔؟شہباز گل نے طنزیہ اندازمیں بڑا انکشاف کر دیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)رہنما تحریک انصاف شہباز گل کا کہنا ہے کہ کھویا ہوا سائفر آپکو چیف جسٹس صاحب سے ملے گا۔شہباز گل نے اپنے آفیشل آکاونٹ سے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ن لیگ والوں کا سائفر کھو گیا۔ ان کو انگریزی پڑھنی نہیں آتی۔ وہی سائفر وزیراعظم نے سپیکر کو بھیجا تھا اور سپیکر نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس صاحب کو۔واضح رہے گزشتہ روز ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی سے متعلق آڈیوز کی تحقیقات کیلئے کابینہ کی خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، فیصلہ وزیراعظم میاں شہبازشریف کی زیرصدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی وزیراعظم ہاؤس کے ریکارڈ سے غائب ہے۔

جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی سے متعلق آڈیوز نے عمران خان کی مجرمانہ سازش بے نقاب کردی.ڈپلومیٹک سائفر کی کاپی کو من گھڑت معانی دیکر سیاسی مفادات کی خاطر قومی مفادات کا قتل کیا گیا، فراڈ، جعلسازی اور فیبریکیشن کے بعد اسے چوری کرلیا گیا، یہ آئینی حلف اور دیگر متعلقہ قوانین اورآفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی ہے، یہ ریاست کے خلاف ناقابل معافی جرائم کا ارتکاب ہے۔اعلامیے کے تحت وفاقی کابینہ اجلاس میں کہا گیا اس سارے معاملے کی باریک بینی سے چھان بین کی جائے، ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق کڑی سزا دی جائے۔