سیلاب سے بحالی: حکومتِ پاکستان کا اقوام متحدہ سے 60 کروڑڈالر کی امداد لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) حکومت نے سیلاب سے بحالی وریکوری کیلئے اقوام متحدہ سے 60 کروڑڈالر کی امداد لینے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق سیلاب سے بحالی وریکوری کیلئے اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر کی امداد لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔وزارت اقتصادی امور اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر امداد کیلئے درخواست کرے گی، اقوام متحدہ سے انسانی ہمدردی کی اپیل شروع کرنے کے تحت امداد مانگی جائے گی۔
ذرائع نے کہا ہے کہ رقم سیلاب زدہ علاقوں کو خوراک ، پناہ گاہ ، طبی سہولیات کیلئے استعمال کی جائے گی ، 15اکتوبر تک سیلاب پر تیار حتمی رپورٹ بھی اقوام متحدہ کو دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ کو سیلاب زدہ علاقوں میں پھیلنے والی بیماریوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ اقتصادی امور نے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پہلے 16 کروڑ ڈالر امداد فراہم کی جاچکی ہے ، اقوام متحدہ سے 60 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد امدادی رقم 76 کروڑ ڈالر ہو جائے گی۔