امریکی ملٹری کے طیارے پہیوں اور لینڈنگ گیئر کے اطراف سے انسانی اعضاءملنے کا افسوسناک انکشاف

کابل (قدرت روزنامہ)کابل پر قبضے اور اشرف غنی کے ملک سے فرار ہونے کے بعد حامد کرزئی ایئر پورٹ پر شہریوں کے انخلاءکے دوران افراتفری اور ہنگامیہ آرائی کے مناظر اس وقت دیکھنے کو ملے جب ہزاروں کی تعداد میں شہری ملک چھوڑنے کیلئے رن وے پر آ ن پہنچے اور طیاروں پر زبردستی چڑھنا شروع کر دیا ۔ اسی دوران ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہوئیں جس میں امریکی ملٹری کے طیارے کے ساتھ ساتھ رن وے پر بھاگتے ہوئے ایک مجمے کو دیکھا گیا جبکہ کچھ لوگ جہاز کے وہیلز اور پوں پر بھی چڑھنے کی کوشش کر تے رہے ۔پائلٹس نے طیارے کی اڑان بھر دی اور پھر معلوم ہوا کہ تین افراد جہاز سے گرنے کے باعث موت کے منہ میں چلے گئے ۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق امریکی فضائیہ کا کہنا ہے کہ حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے روانہ ہونے والے سی 17 کے لینڈنگ گیئر اور پہیے کے اطراف سے انسانی اعضاءملے جس کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔امریکی فضائیہ نے فوجی طیارے سے لٹک کر افغانستان چھوڑنے کی کوشش میں افغان شہریوں کے گرکر ہلاک ہونے کی بھی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

امریکی فضائیہ کی ترجمان نے بتایاکہ تفتیش کار افغان شہریوں کے جہاز سے گرنے کی ویڈیو سمیت سوشل میڈیا پر جاری ویڈیوز اور پوسٹوں کا جائزہ لیں گے جب کہ قطر میں لینڈنگ کے بعد جہاز کے وہیل سے نکلنے والی لاش کا معاملہ بھی دیکھیں گے۔