شکیرا نے سوشل میڈیا پر نیا سنگِ میل عبور کر لیا

کولمبیا (قدرت روزنامہ)عالمی شہرت یافتہ کولمبین گلوکارہ شکیرا کے ٹیکس فراڈ کے الزام میں 8 سال قید کی سزا کے امکانات سامنے آنے کے باوجود بھی ان کی سوشل میڈیا پر شہرت میں کوئی کمی نہیں آئی۔شکیرا کے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر فالوورز کی تعداد 76 ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔
گلوکارہ کے انسٹا گرام اکاؤنٹ کا مجموعی جائزہ لیا جائے تو وہ صرف 152 انسٹا صارفین کو فالو کرتی ہیں، جن میں ان کے سابق پارٹنر جیررڈ پیک بھی شامل ہیں۔

اُنہوں نے اب تک اپنے مداحوں کے ساتھ 1ہزار 9 سو 98 انسٹا پوسٹس شیئر کی ہیں۔خیال رہے کہ 2 روز قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ شکیرا کو ٹیکس فراڈ کے الزام میں 8 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ہسپانوی عدالت کی جانب سے 14.31 ملین ڈالرز کے ٹیکس فراڈ کے مقدمے کی سماعت کے لیے گلوکارہ شکیرا کو کچھ قانونی مشکلات کا سامنا ہے۔
شکیرا نے ٹیکس فراڈ کیس کو حل کرنے کی پیشکش کو ٹھکرا دیا اور اب اُنہیں عدالت میں اس کیس کی سماعت کا سامنا کرنا پڑے گا جہاں اُنہیں 8 سال قید کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق عدالت نے اس مقدمے پر کارروائی آگے بڑھانے کی اجازت دے دی لیکن ابھی کیس کی سماعت کے لیے تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔
اس حوالے سے گلوکارہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت کی جانب سے اس مقدمے پر سماعت کی اجازت دینا صرف اس مقدمے میں کارروائی کا ایک قدم آگے بڑھنا ہے۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ صورتِ حال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے اور سب کچھ معمول کے مطابق ہی ہو رہا ہے، گلوکارہ کے وکیل مناسب وقت پر اپنے تحریری دلائل پیش کر کے اپنا کام کریں گے۔