اسلام آباد (قدرت روزنامہ) تربوز ایک خوشذائقہ، خوش رنگ اور غذائیت سے مالامال ایسا پھل ہے جو برصغیر کے عوام کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں . اینٹی آکسیڈنٹ اور معدنیات سے مالامال تربوز کے یہی خواص اسے سپرفوڈ بھی بناتے ہیں .
اس کی وجہ یہ ہے کہ تربوز پاک و ہند میں کثرت سے پیدا ہوتے ہیں اور بہت کم قیمت میں عام دستیاب ہیں .
80 سے 90 فیصد پانی کی بنا پر یہ فوری پیاس بجھاتا ہے جس کی ذود ہضم شکریات اسے فوری توانائی کا خزانہ بناتی ہیں . گرمیوں میں تھکاوٹ اور نڈھال سے متاثر ہونے والے افراد کے لیے یہ قدرت کا انمول تحفہ بھی ہے . تربوز کے کچھ اہم فوائد مندرجہ ذیل ہیں :
دل اور بلڈ پریشر میں مفید
امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے اسے دل اور بلڈ پریشر کے لیے انتہائی مفید قرار دیا ہے . ویب ایم ڈی نامی ویب سائٹ کے مطابق تربوز میں موجود لائسوپین اور دیگر اقسام اینٹی آکسیڈنٹس کی بدولت یہ ذیابیطس کا خطرہ بھی ٹالتا ہے . یہی لائسوپین سخت دھوپ میں جلد کو جھلسنے سے بھی بچاتا ہے .
اس میں موجود ایک جزو سٹرولائن دل اور بلڈ پریشر کو تندرست حالت میں رکھتا ہے . بعض چھوٹے مطالعات سے معلوم ہوا ہے کہ تربوز کا باقاعدہ استعمال دل کے دورے کے خطرات کم کرتا ہے .
جوڑوں کی حفاظت
یہ جوڑوں کے درد اور ان کی اندرونی سوزش کم کرتا ہے . اس لیے تربوز کا باقاعدہ استعمال جوڑوں کے درد سے بھی محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے .
تربوز اور بصارت
تربوز میں وٹامن اے کی اچھی مقدار موجود ہوتی ہے جو آنکھوں اور بصارت کے لیے بہت ضروری وٹامن ہے . اگر روزانہ تربوز کی صرف ایک قاش بھی کھائی جائے تو اس سے روزمرہ وٹامن اے کی 10 فیصد تک مقدار حاصل ہوتی ہے . اس لیے بالخصوص بچوں کو تربوز ضرور کھلائیں .
ورزش میں مددگار
تربوز اینٹی آکسیڈنٹس اور کئی طرح کے امائنو ایسڈ سے بھرپور ہے جو ورزش کرنے یا کام کی قوت بھی فراہم کرتا ہے . یوں نوجوانوں کے لیے تربوز سے بڑھ کرکوئی بہترین مقوی غذا نہیں .