گوجرانوالہ ،عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے پودوں کو نامعلوم افراد نے رو ند ڈا لا
گوجرانوالہ (قدرت روزنامہ)گوجرانوالہ میں 40سیکنڈ میں 52ہزار پودے لگانےکا عالمی ریکارڈ، نامعلوم افراد نے رات کے اندھیرے میں ہزاروں پودے روند ڈالے، حکومت کا ملزمان کو پکڑنے کے بعد 1سال قید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا دینے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ایچ اے، ایس اے حمید نے نجی ٹی وی کو بتایا ہے کہ حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 40سیکنڈز میں 52 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔کچھ بلاکس میں نامعلوم افراد نے پودوں کو کاٹ دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس اے حمید نے کہا کہ ان عناصر کی شناخت ہوگئی ہے اور اب ان پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پودے کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا پہلی مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید ہے جبکہ اسے دہرانے والے کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہے۔چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ ان تمام پودوں کو دن میں 2 مرتبہ پانی دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کا عملہ عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے دن رات کام کررہا ہے۔ اس ضمن میں عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ لگائے گئے پھلدار پودے بڑھ کر درخت بن سکیں۔دوسری جانب پودے لگانے کے منصوبے پر مسلم لیگ ن کے ایم پی اے توفیق بٹ نے پنجاب اسمبلی میں درخواست بھی جمع کرائی ، جس کے متن میں کہا گیا کہ جی ٹی روڈ پر بغیر پلاننگ پودے لگائے جارہے ہیں ، بڑی تعداد میں پودوں سے جی ٹی روڈ کے اطراف جنگل بن جائے گا ، جنگل بننے سے سیکورٹی مسائل ہوں گے، خوبصورتی ختم ہو جائے گی۔مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی کو اپنے اس بیان پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ، سوشل میڈیا پر شہریوں کی جانب سے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایک ایسا وقت جب پوری دنیا ماحولیاتی آلودگی کے سنگین بحران کا سامنا کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر درخت اگانے کیلئے کوشاں ہے ، ایسے میں ہمارے ملک میں ن لیگ کے توفیق بٹ جیسے اراکین اسمبلی شجرکاری مہم روکنے کی کوششیں کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے مضحکہ خیز وجوہات پیش کی جا رہی ہیں۔